ویب ڈیسک: امریکی ریاست ورمونٹ میں مسلح شخص نے تین فلسطینی طالب علموں کو گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا۔
امریکی پولیس حکام کا کہنا تھا برلنگٹن میں یونیورسٹی آف ورمونٹ کے قریب گلی میں ایک مسلح شخص نے مبینہ طور پر نفرت انگیزی کی بنیاد پر تین فلسطینی طالب علموں پر فائر کھول دئیے جس کے نتیجے میں تینوں فلسطینی طالب علم سخت زخمی ہوگئے۔
برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق 2 طالب علم اپنے تیسرے دوست کے گھر تھینکس گونگ کی چھٹی منانے کیلئے آئے ہوئے تھے، طالب علموں کو گولیوں کا نشانہ بنانے کے بعد حملہ آور فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے تینوں فلسطینی طالب علموں کی عمر 20 سال کے قریب ہے جبکہ ان میں سے دو امریکی شہری اور ایک قانونی طور پر امریکا میں مقیم ہے، حملے کے وقت تینوں طالب علموں نے ویسٹرن کپڑوں کے اوپر فلسطینی رومال پہنے ہوئے تھے اور وہ آپس میں عربی زبان میں بات کر رہے تھے۔
زخمی ہونے والے طالب علموں کی شناخت روہڈز آئرلینڈ کی براؤن یونیورسٹی کے طالب علم ہشام اورطانی، پینسلوینیا کے ہیورفورڈ کالج کے طالب علم کنان عبدالحامد اور کنیکٹی کٹ کے ٹرینٹٰی کالج کے طالب علم تحسین احمد کے طور پر کی گئی ہے، تینوں طالب علم مقبوضہ فلسطین میں مغربی کنارے کے رام اللہ میں رام اللہ فرینڈز اسکول سے فارغ التحصیل ہیں۔
Load/Hide Comments