ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے نتائج جاری، 6 امیدواروں نے ٹاپ کر لیا

ویب ڈیسک: خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ نتائج کے مطابق 6 امیدواروں نے 192 نمبرز لے کر ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ٹاپ کرلیا۔
کے ایم یو کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق ٹاپ پوزیشن ہولڈرز میں تیمور اقبال، انعم خان، امان اللہ، محمد مطعال عظیم، محمد عاصم ایاز اور حسیب خان کے نام شامل ہیں۔ ان کے علاوہ 3 امیدواروں نے 191، دو طلبہ نے 190 اور 10 طلبہ نے 189 نمبرز لئے۔
خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے نتائج کے مطابق ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں 11 امیدواروں نے 190 سے زیادہ نمبر لئے، 402 امیدواروں نے 180 سے 189 جبکہ 2 ہزار 982 امیدواروں نے 170 سے 179 تک نمبرز لئے۔
کے ایم یو کی جانب سے جاری ہونیوالی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 46 ہزار رجسٹرڈ امیدواروں میں سے 34 ہزار امیدواروں نے ایم دی کیٹ ٹیسٹ میں حصہ لیا جبکہ 11 ہزار 300 امیدوار غیر حاضر رہے۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلہ کیلئے ایم ڈی کیت ٹیسٹ میں 34000 سے زائد امیدواروں نے شرکت کی جبکہ صوبہ کے سرکاری اور نجی میڈیکل کالجز میں کل نشستوں کی تعداد 3210 ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں 1785نشستوں پر جبکہ پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز 1425 نشستوں پر طلباء کو داخلے دیئے جائِیں گے۔
جاری اعداد و شمار کے مطابق خیبر میڈیکل کالج میں سب سے زیادہ 280 طلباء اور خیبر گرلز میڈیکل کالج میں 270 طالبات کو داخلہ دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  مردان میڈیکل کمپلیکس کی خاتون نرس اور ڈاکٹر کے درمیان ہاتھا پائی