وکیل لطیف کھوسہ نے بشریٰ بی بی کیساتھ آڈیو لیک کی تصدیق کردی

ویب ڈیسک: چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ اور بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو سامنے آئی ہے جس میں دونوں چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں سے اپنے اختلافات کا کھل کر اظہار کر رہے ہیں۔
آڈیو میں بشریٰ بی بی کہتی ہیں کہ وہاں پر ہمارا مسئلہ پڑ گیا تھا کیونکہ ان کی بہنیں بھی ساتھ تھیں بلکہ ہماری تو اچھی خاصی ہو گئی تھی جس پر لطیف کھوسہ کہتے ہیں اچھا اچھا۔
لطیف کھوسہ بشریٰ بی بی سے کہتے ہیں چلیں، بہر کیف وہ کہتی ہیں کہ میرے ساتھ اس نے بدتمیزی کی ہے، اصل میں ہوا یوں، بشریٰ بی بی لطیف کھوسہ کی بات کاٹ کر کہتی ہیں اس نے ہمارے ساتھ اتنی بدتمیزی کی ہے کہ ہم سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ کسی کی اتنی ہمت ہو تو میں نے آگے سے یہ کہا ان کو کیا ضرورت تھی کہ یہ تینوں اٹھ کر آفس چلی جائیں؟
بشریٰ بی بی اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہتی ہیں یہ کون ہوتی ہیں پوچھنے والی؟ کہتی ہیں ہم پوچھنے گئی تھیں کہ آپ نے زہر والی لائن کیوں لکھی ہے؟ وہ جس طریقے سے بول رہی تھیں میں نے کہا آپ اس طریقے سے مت بولیں، وہ بہت زیادہ بولیں تو میں نے خان صاحب سے کہا نہیں بس میرے وکیل وہی ہیں، تو پھر میں اُٹھ کر آ گئی۔
آڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ سردار لطیف کھوسہ نے کہا میں بدتمیزی کرنے والا ہوں ہی نہیں، میں نے یہ ضرور کہا کہ دیکھیں بار بار آپ ضد مت کریں، جس طرح سے میں مناسب سمجھتا ہوں مجھے کرنے دیں، اسی بات پر انہوں نے کہا کہ جی بدتمیزی کی ہے، میں نے کیا بدتمیزی کرنی تھی۔
مبینہ آڈیو میں بشریٰ بی بی کہہ رہی ہیں نہیں جی اب میں آپ کو بتاتی ہوں انہوں نے یہ نہیں کہا کہ وہ اس پٹیشن کے لیے گئی تھیں، وہ کہتی ہیں یہ تو ہے ہی جھوٹ ہم تو ان سے ویسے ہی ملنے کے لیے گئے تھے، ہاں آگے ان کا رویہ، کہتی ہیں انہوں نے خان صاحب کے حوالے سے سائفر کے حوالے سے، تمہارے حوالے سے 9 مئی کے حوالے سے اتنا برا بولا۔
بعد ازاں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے وکیل لطیف کھوسہ نے اپنی اور بشری بی بی کی سامنے آنے والی آڈیو کی تصدیق کر دی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک کلائنٹ اور وکیل کے درمیان گفتگو ہے جنہوں نے بھی لیک کی ہے انہیں شرم آنی چاہئے۔

مزید پڑھیں:  آئینی ترامیم پاس ہونے پر مارشل لا لگ جاتا، عمر ایوب