امریکا کا 2030 تک چاند پر ایک بار پھر انسانی مشن بھیجنے کا منصوبہ

امریکا نے 2030 تک چاند پر ایک اور انسانی مشن بھیجنے کے منصوبے کا اعلان کردیا ہے۔
ویب ڈیسک: عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ امریکا 2030 تک ایک بین الاقوامی خلاباز کو چاند کی سطح پر دوبارہ بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
امریکی نائب صدر کمالا ہیرس اسپیس کونسل کے اجلاس میں مذکورہ بالا مشن کا باضابطہ اعلان کریں گی۔ وائٹ ہاؤس کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اجلاس میں بین الاقوامی سطح پر شراکت داری کی وسعت اور اسے مزید مضبوط کرنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔
صدر جو بائیڈن نے اس منصوبے سے متعلق خلائی آپریشنز میں اتحادیوں کے ساتھ انضمام کی منظوری دے دی ہے جس کا مقصد باہمی مفاد کے لیے معلومات کے تبادلے، انسدادِ خلائی خطرات اور خلا کے مخالفانہ استعمال کو روکنا ہے۔
اتحادیوں میں اٹلی، جاپان اور ناروے کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا، کینیڈا، فرانس، جرمنی، نیوزی لینڈ اور برطانیہ شامل ہیں۔