پنجاب پولیس گرفتاریاں

پنجاب پولیس کس قانون کے تحت صوبہ میں گرفتاریاں کر رہی ہے، پشاور ہائیکورٹ

ویب ڈیسک: پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے علی امین گنڈاپور کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
ذرائع کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل نے دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب ایلیٹ فورس درخواست گزار علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرنے کرنے کے لئے ان کا پیچھا کر رہی ہے جبکہ درخواست گزار نامزد وزیراعلی ہیں۔
پشاور ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت تک درخواست گزار کو گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کس قانون کے تحت خیبر پختونخوا کے لوگوں کو اپنے ہی صوبے کی حدود میں گرفتار کر رہی ہے۔
عدالت کی جانب سے جاری تحریری حکم نامے میں آئی جی خیبر پختونخوا سے اس حوالے سے جواب طلب کیا گیا ہے۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام فریقین کو 19 مارچ کے لئے ابتدائی نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں:  ہری پور میں محرم الحرام کے جلوسوں اورمجالس کا سلسلہ جاری