فارم 45 اور47 اپ لوڈ نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری

ویب ڈیسک: 8 فروری کو انتخابات ہونے کےبعد فارم 45 اور 47 اپ لوڈ نہ کرنے کے حوالے سے مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے فارم 45 اور47 اپ لوڈ نہ کرنے کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
اس حوالے سے سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے سماعت کی جبکہ اس موقع پر سربراہ ایم ڈبلیوایم علامہ ناصر عباس عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں پیشی کے دوران مؤقف اختیار کیا کہ 8 فروری کو انتخابات ہوئے مگر اس سے متعلق ڈاکومنٹس اپ لوڈ نہیں کی گئیں۔
چیف جسٹس نے استفسارکیا کہ ڈاکومنٹس کون سے، جو فارمز ہوتے ہیں؟ وکیل نے جواب میں کہا کہ جی بالکل پریزائیڈنگ افسر کی جانب سے جو فارمز جاری ہوتے ہیں وہ اپ لوڈ کرنے ہوتے ہیں۔
بعدازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔

مزید پڑھیں:  بنوں میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کی نماز جنازہ ادا