حسن اور حسین نواز کے وارنٹ معطلی کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

ویب ڈیسک: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے بیٹوں حسن اور حسین نواز کے وارنٹ گرفتاری معطلی کی درخواستوں پر احتساب عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے ان درخواستوں پر سماعت کی، اس موقع پر حسن اور حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح الحسن، رانا عرفان ایڈووکیٹ بھی پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران حسن اور حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح الحق ایڈووکیٹ نے کہا کہ ریفرنس میں ہائیکورٹ سے تمام دیگر ملزمان بری ہو چکے ہیں، 12 مارچ کو حسن اور حسین نواز پاکستان آ کر عدالت پیش ہو جائیں گے۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے عدالت سے ان کے دائمی وارنٹ معطلی کی استدعا بھی کر دی۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزمان کو عدالت پیش ہونے کا موقع دیا جائے۔
بعدازاں احتساب عدالت نے حسن اور حسین نواز کے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

مزید پڑھیں:  رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج