عطاء تارڑ

پی ٹی آئی کی کوشش تھی کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے ،عطاء تارڑ

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے مخصوص ایجنڈے کے تحت ملک کو ڈیفالٹ کی حد تک پہنچایا گیا،پی ٹی آئی کی کوشش تھی کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے اور یہ سیاسی فائدہ اٹھا سکیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آڈیو آئی تھی کہ سائفر سے کھیلنا ہے، کیا قومی سلامتی اور پالیسی کھیلنے کے لیے ہوتی ہے، آپ نے دوست ممالک کے ساتھ کیا رویہ اپنایا، آپ کے کرتوت یہ ہیں اورآپ اپنے آپ کو شیخ مجیب سے ملارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مخصوص سیاسی جماعت کے لوگوں نے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے، پاکستان کی خارجہ پالیسی کے ساتھ کھیلا گیا،مخصوص پروپیگنڈے کے تحت ملک کو 71 والے حالات سے ملانے کی کوشش کی گئی، اقتدار کا نشہ ٹوٹنے پر ملک کی جڑوں کو کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ سفارتی محاذ پر پاکستان کو کامیابیاں مل رہی ہیں، یو اے ای نے 10 ارب ڈالر مختص کرنے کا اعلان کیا ہے، وزیراعظم اگلے چند دنوں میں چین کا دورہ کررہے ہیں، عالمی جریدے پاکستان کی معیشت کی بحالی کی نوید سنا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے کہا کہ میں نہ رہا تو پاکستان ٹوٹ جائے گا، سیاسی مفادات اور اپنی بقا کو پاکستان کی بقا سے جوڑا جاتا ہے، بانی چیئرمین نے اپنی خواہش پر وزرائے خزانہ سے آئی ایم ایف کو خط لکھوایا، آپ کی خواہش پر پاکستان تباہ نہیں ہوگا، بار بار نظام کو ڈی ریل کرنے کی کوششیں کی گئیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ بھی 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں پیشرفت ہوئی ہے، جلد معاہدوں پر دستخط ہوں گے اور یہ معاہدے حتمی شکل اختیار کریں گے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوا ہے، ہماری آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، مہنگائی میں کمی واقع ہوئی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوا ہے جو مثبت پیشرفت ہے۔

مزید پڑھیں:  عیدالاضحی کیلئے سیکیورٹی و ٹریفک پلان تیار، پولیس کی اضافی نفری تعینات