وزیراعظم اورترک صدر

وزیراعظم اورترک صدر کاسرمایہ کاری، دفاعی تعاون بڑھانے کا اعادہ

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاع سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کا اعادہ کیا گیا
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کا عید الاضحی کے موقع پر ٹیلی فونک رابطہ ہوا ،دونوں رہنمائوں نے عیدالاضحی کی مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتے کو سراہا جو مشترکہ اقدار، تاریخ اور ثقافتی وابستگیوں سے جڑا ہوا ہے۔
وزیراعظم اور ترک صدر نے خطے اور عالمی امن، استحکام اور خوش حالی کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا اور فلسطین کی صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے مصائب کے خاتمے کے لیے امن کی کوششوں کو دوگنا کرے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر کے درمیان گفتگو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات اور آنے والے دنوں میں قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا ثبوت تھی۔
اس مقصد کے لیے، وزیراعظم نے صدر اردوان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی پرخلوص دعوت کا اعادہ کیا تاکہ اس موقع پر اعلی سطح کی اسٹریٹجک کنسلٹیٹو کونسل (HLSCC) کا ساتواں اجلاس بلایا جا سکے۔

مزید پڑھیں:  ملک تباہ کرنے والوں پر آرٹیکل 6لگنا چاہئے،پی ٹی آئی