ٹی 20ورلڈ کپ

قومی ٹیم ٹی 20ورلڈ کپ میں اپنا آخری میچ آج آئر لینڈ کیخلاف کھیلے گی

ویب ڈیسک: قومی کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں اپنا آخری میچ آج آئرلینڈ کیخلاف کھیلے گی، بارش کی وجہ سے میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
آئی سی سی کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 36 ویں میچ میں پاکستان اور آئرلینڈ کی ٹیمیں امریکی ریاست فلوریڈا کے سنٹرل برووارڈ ریجنل پارک کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی، پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام ساڑھے 7 بجے شروع ہو گا۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل آئر لینڈ اور امریکا کا میچ امریکی ریاست فلوریڈا کے سنٹرل برووارڈ ریجنل پارک کرکٹ سٹیڈیم میں ہی ہونا تھا لیکن بارش کے باعث میچ منسوخ کر دیا گیا۔
میچ منسوخ ہونے پر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا، امریکا کو پوائنٹ ملنے کے بعد پاکستان کا ورلڈکپ میں سفر تمام ہو گیا، آج آئرلینڈ کے ساتھ میچ سے پاکستان کی پوزیشن کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
گروپ اے میں سے بھارت اور امریکا کی ٹیموں نے سپر 8 مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا، پاکستانی ٹیم پہلی بار ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے مرحلے میں جگہ نہیں بنا سکی، قومی ٹیم نے 2007 اور 2009 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنائی۔

مزید پڑھیں:  مخصوص نشستیں :حلف لینے والے ممبران کا سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ