پاکستان کیخلاف بھارت کےفالس فلیگ آپریشنزمعمول بنتےجارہےہیں، آرمی چیف

ویب ڈیسک: پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کیخلاف ہتھکنڈے اور جعلی فلیگ آپریشنز بھارت کا سیاسی آلہ کار بن چکے ہیں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول کے حاجی پیر سیکٹر میں اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے ساتھ عید منائی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے حاجی پیر سیکٹر لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر راولپنڈی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے افسران و جوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کی اور ملک میں امن و استحکام کیلئے دعا کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شہداء کی قربانیوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا اور جوانوں کے بلند عزم اور حوصلے کو سراہا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جوانوں کیلئے گھروں سے دور محاذ پر عید منانا باعث فخر ہے، اپنے گھر والوں سے دور وطن کی حفاظت کے فرض کی ادائیگی زیادہ اہم ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کشمیریوں پر جاری بھارتی جبر کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی انتخابات کے بعد کشمیریوں پر ظلم وستم میں اضافہ ہوا ہے، بھارت کے سیاسی مقاصد کیلئے فالس فلیگ آپریشن معمول بنتے جا رہے ہیں، پاکستان خطے میں امن و استحکام کا حامی ہے لیکن کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  آئین ایڈہاک ججز کی تعیناتی کی اجازت دیتا ہے، اعظم نذیر تارڑ