زین قریشی

عمران خان اور شاہ محمود کو عید کی نماز سے محروم رکھا گیا،زین قریشی

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیٹے اور ممبر قومی اسمبلی زین قریشی نے دعویٰ کیا ہے کہ جیل میں عمران خان اور شاہ محمود کو عید کی نماز سے محروم رکھا گیا ۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زین قریشی نے کہا کہ پوری قوم کو عید کی مبارک باد پیش کرتا ہوں، عید کے فوراً بعد شاہ محمود قریشی رہا ہوکر اپنے گھر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ سے پہلے کیے جانے والے حکومت کے تمام دعوے ادھورے رہ گئے، یہ عوام دوست بجٹ کم اور آئی ایم ایف دوست بجٹ زیادہ لگ رہا ہے۔
زین قریشی نے کہا کہ آج دوسری عید ہم اپنے والد کے بغیر کررہے ہیں، سائفر کیس میں اللہ نے ہمیں عزت دی، سائفر کیس سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا تھا جس میں اللہ پاک نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو باعزت سرخرو کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمرانخان اور شاہ محمود قریشی کو نو مئی کے کیس میں پابند سلاسل رکھا گیا ہے، دونوں کو نماز عید سے بھی محروم کیا گیا۔
زین قریشی کا کہنا تھا کہ عید کے فورا بعد شاہ محمود قریشی رہا ہوں گے اور اپنے گھر آئیں گے، دیر ہے پر اندھیر نہیں ہے، ہم ایک بار پھر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھیں گے۔
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ آٹھ فروری کے الیکشن پر ایک کمیشن بننا چاہیے تاکہ عوام کے سامنے اصلیت آسکے، نو مئی سانحہ پر بھی ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیشن بننا چاہیے، نو مئی کے کیس کو جواز بنا کر ہزاروں بے گناہوں کو پابند سلاسل رکھا گیا ہے ان کو رہا ہونا چاہیے۔

مزید پڑھیں:  پشاور میں مظاہرین کا پیسکو گرڈ اسٹیشن پر دھاوا، بیشتر علاقوں کی بجلی بند کردی