ٹی ٹی پی کا اہم سرغنہ

کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم سرغنہ افغانستان میں مارا گیا

ویب ڈیسک: کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم سرغنہ افغانستان کے علاقے کنڑ میں مارا گیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی شوریٰ ملاکنڈ کا رکن عبدالمنان عرف حکیم اللہ افغانستان کے ضلع اسد آباد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ہے ۔
دہشتگرد عبدالمنان باجوڑ میں ٹارگٹ کلنگ، بارودی سرنگ کے دھماکوں، چیک پوسٹوں پر فائرنگ اور بھتہ خوری سمیت متعدد دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا۔
ذرائع کے مطابق دہشتگرد عبدالمنان ٹی ٹی پی لیڈر عظمت اللہ محسود کا دست راست تھا، عبدالمنان باجوڑ میں دہشتگرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں کلیدی کردار ادا کرتا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگرد عبدالمنان نے 2007 میں ٹی ٹی پی میں شمولیت اختیار کی تھی، عبدالمنان نے سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعددکارروائیوں میں حصہ لیا۔
مارے جانے والے دہشتگرد عبدالمنان کے بھائی طارق عرف اسد کا تعلق بھی کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان میں دہشتگردی پھیلانے والی تنظیموں میں ٹی ٹی پی سرفہرست ہے، افغان دہشتگردوں کی آماجگاہیں افغانستان کے علاقے کنڑ، نورستان، پکتیکا، خوست و دیگر علاقوں میں ہیں۔

مزید پڑھیں:  ٹیکسز کی بھرمار سے مہنگائی کا ریکارڈ، عوام کی قوت خرید جواب دے گئی