علی امین گنڈا پور

علی امین گنڈا پورکی نیشنل گرڈکوبجلی فراہمی بند کرنےکی دھمکی

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے ایک بارپھر نیشنل گرڈ کو بجلی کی فراہمی بند کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی مد میں وفاق پر ہمارے 1600ارب روپے ہیں، وفاق نے ڈیڑھ ماہ کا وقت مانگا جو پورا ہوگیا اب ہم ہر اقدام کے لیے آزاد ہیں۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واپڈا سے جڑے تمام حل طلب معاملات طے کرنے کے لئے ہم نے وفاقی حکومت کے ساتھ بات چیت کی، لائن لاسز کے معاملے کو حل کرنے کے لئے ہم نے بھر پور تعاون کیا، جن علاقوں میں بہت زیادہ لاسز ہیں وہاں لوگوں کو سولر سسٹم دینے کے لئے ہم نے 10 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ معاملات طے کرنے کے لئے ہم نے وفاق کو 15 دن کی ڈیڈلائن دی تھی، وفاق نے ڈیڑھ مہینے کا ٹائم اور تعاون مانگا تھا اور ہم نے بھر پور تعاون کیا، وفاقی حکومت مینڈیٹ چوری کرکے جھوٹ کی بنیاد پر حکومت میں بیٹھی ہے، اس نے اپنا کمٹمنٹ پورا نہیں کیا اب جب ڈیڑھ مہینے کا وقت ختم ہوا تو میں نے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کو مسیج کیا اور کال کی لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا جس کا مطلب ہے کہ وہ آزاد اور ہم آزاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے تمام پارلیمنٹرینز اور پارٹی ذمہ داران سے کہتا ہوں کہ اب وہ بحیثیت منتخب نمائندہ میری پالیسی پر عمل کریں گے، اگر میری دی ہوئی پالیسی پر عمل ہوگا تو بحیثیت عوامی نمائندہ ہم سب کی عزت ہوگی۔
میں اپنے لوگوں کو پیغام دیتا ہوں کہ کسی نے بھی واپڈا کے اثاثوں کو نقصان نہیں پہنچانا، یہ ہمارا اثاثہ ہے کیونکہ یہ ہمارے ٹیکس کے پیسوں سے بنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کی طرف سے 22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کم کرکے 18 گھنٹے کرنے کے وعدے پر عمل نہیں ہوا۔
میں اعلان کرتا ہوں کہ صوبے کے کسی بھی فیڈر پر 12گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔
تمام پارلیمنٹرینز اپنے اپنے علاقوں میں شیڈول کی خود نگرانی کرکے اس بات کو یقینی بنائیں، عوام نے آپ لوگوں کو ووٹ دیا اور آپ کے لیے غیرت کا مظاہرہ کیا ہے اب آپ لوگوں کو بھی عوام کے لئے غیرت کا مظاہرہ کرنا ہے۔

مزید پڑھیں:  سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تعیناتی ،جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب