ان کیمرا اجلاس

آپریشن عزم استحکام:حکومت کی ان کیمرا اجلاس کی یقین دہانی

ویب ڈیسک:وفاقی حکومت نے سینیٹ اجلاس کے دوران یقین دہانی کرائی ہے کہ آپریشن عزم استحکام شروع ہونے سے پہلے ان کمیرا اجلاس میں بحث کرائی جائے گی ۔
چیئرمین یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آپریشن پر ایک دن پہلے بھی وضاحت آ چکی ہے، میں نے قومی اسمبلی میں بھی کہا تھا کہ آپریشن پہلے کابینہ اور قومی سلامتی کمیٹی کے بند کمرہ اجلاس میں زیر بحث لایا جائے گا۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز نے پاکستان پیپلز پارٹی سمیت حکومت کی جانب سے سینیٹ کمیٹیوں اور دیگر معاملات میں نظر انداز کرنے پر اپنے گہرے تحفظات کا اظہار کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ایوان میں ایک قرارداد پیش کی گئی، یہ نہیں ہوسکتا ہے کہ کثرت رائے کی بنیاد پر ایک قرارداد منظور کرا لی مگر ہمیں دکھایا تک نہیں۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ درخواست ہے کہ اگر اس ایوان کو متوازن طریقے سے چلانا ہے تو چلائیں، جس پر چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ ہم اپوزیشن کو اپنے ساتھ لے کر چلیں گے۔
پی پی پی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی جانب سے ناراضی درست نہیں ہے، قرارداد کے بارے میں وفاقی وزیر قانون کے ذریعے درخواست کی تھی کہ اپوزیشن لیڈر سمیت دیگر پارلیمانی لیڈرز سے دستخط کرالیں مگر انہوں نے کہا کہ یہ نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں ہماری 128 سفارشات پیش ہوئی ہیں، اب اس کی صوابدید قومی اسمبلی پر ہے کہ اس کو منظور کرے یا نہیں۔
بعد ازاں ایوان بالا کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔

مزید پڑھیں:  اسلام آباد ہائیکورٹ کا صنم جاوید کو جمعرات تک گرفتار نہ کرنے کا حکم