مذاکرات کی پیشکش

وزیراعظم کی عمران خان کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش

وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش کردی ہے ۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2018میں میثاقِ معیشت کی بات کی تھی مگر میثاقِ معیشت کی پیشکش پر جو نعرے بلند ہوئے وہ ناقابلِ ذکر ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگر کسی کے ساتھ زیادتی ہوتی ہے تو انصاف کا پلڑا ہمیشہ بھاری رہنا چاہیے، آج بانی پی ٹی آئی کو مشکلات ہیں تو آئیں بیٹھ کر بات کریں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں بھی کینسر کا مریض ہوں اور میں بھی جیل میں رہا ہوں، مجھے قیدیوں کی وین میں لایا جاتا تھا ،ہمیں کھانا گھر سے نہیں لانے دیا جاتا تھا، دوائیاں بند کی گئیں، ہم نہیں چاہتے کہ ان کے ساتھ اس طرح کی زیادتیاں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ علی محمد خان نے بہت جذباتی تقریر کی، کاش وہ میری والدہ کے انتقال کا حوالہ بھی دیتے، جیل سپرنٹنڈنٹ کو والدہ کے انتقال کے دن چھٹی کی درخواست دی لیکن نہیں ملی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک زمانہ تھا اسی ایوان میں تنقید کے باوجود سیاستدان ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک ہوتے تھے، 76 سال بعد بھی ہم ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے بھی جھجکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  لکی مروت :فائرنگ واقعات میں 2افراد جاں بحق