دفاعی چمپئن انگلینڈ

ٹی 20 ورلڈ کپ، دفاعی چمپئن انگلینڈ کو ہرا کر بھارت کی فائنل میں انٹری

ویب ڈیسک: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چمپئن انگلینڈ کو ہرا کر بھارت نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
گیانا کے پروویڈنس کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں بھارت نے دفاعی چمپئن انگلینڈ کو جیت کیلئے 172 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں انگلش ٹیم 17 ویں اوور میں 103 رنز پر ہمت ہار گئی۔
قبل ازیں بارش کے باعث میچ کا ٹاس بھی تاخیر سے ہوا، پاکستانی وقت کے مطابق میچ کا ٹاس 8 بجکر 10 منٹ پر ہوا جبکہ میچ کا آغاز 8 بجکر 45 منٹ پر ہوا۔
انگلش کپتان جوش بٹلر نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارتی ٹیم نے پہلے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز اسکور کیے۔
اننگز کا آغاز کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی نے کیا تاہم کوہلی 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
بھارت کی دوسری وکٹ 40 رنز کے مجموعی سکور پر رشبھ پنت کی گری انہوں نے صرف 4 رنز بنائے۔
8 اوورز میں 65 رنز کے مجموعی سکور پر بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ بارش رکنے کے بعد میچ جب دوبارہ شروع ہوا تو کپتان روہت شرما اور سوریا کمار یادیو نے تیسری وکٹ پر 113 رنز جوڑے۔
اس موقع پر کپتان روہت شرما 57 رنز بنا کر کلین بولڈ ہوگئے جبکہ چوتھی وکٹ سوریاکمار یادیو کی گری جو 47 رنز بناکر کیچ تھما بیٹھے۔
انڈیا کی پانچویں وکٹ 146 رنز کے مجموعی سکور پر ہاردک پانڈیا کی گری جنہوں نے 23 رنز بنا رکھے تھے۔
چھٹی انڈین وکٹ شیوم ڈوبے کی گری جو کھاتہ کھولے بغیر پویلین چلتے بنے۔ رویندر جدیجہ 17 اور ارشدیپ سنگھ ایک رن کیساتھ بیٹ کیری کر گئے۔
یوں بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز سکور کیے۔
بھارتی ٹیم کے دیئے گئے 172 رنز ہدف کے تعاقب میں دفاعی چمپئن انگلینڈ کا کوئی بھی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا اور خزاں رسیدہ پتوں کی طرح یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں۔
ہیری بروک 25، کپتان جوش بٹلر 23، لیونگسٹون 11 اور جوفرا 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور انکے علاوہ کوئی بھی انگلش بلے باز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا۔
واضح رہے کہ ایونٹ کا فائنل ہفتہ کو بارباڈوس میں پاکستانی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے جنوبی افریقا اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  بنوں واقعہ پر جرگہ کی وزیراعلیٰ سے ملاقات، دھرنا جاری رکھنے کا اعلان