افغانستان دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات

افغانستان دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات کرے، شہباز شریف

افغانستان دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات کرے، افغانستان میں پائیدار امن ہمارا مشترکہ ہدف ہے، سنگھائی تعاون تنظیم میں وزیراعظم کا خطاب
ویب ڈیسک: شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات کرے، افغانستان میں پائیدار امن ہمارا مشترکہ ہدف ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے چیلنجز مشترکہ ہیں، ہمیں مل کر ترقی وخوشحالی کیلئے کام کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آستانہ ایک خوبصورت شہر ہے، بہترین مہمان نوازی پر مشکور ہوں۔ ایس سی او کی چیئر کی حیثیت سے قازقستان نے بہترین کردار ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایس سی او خطے کے عوام کی سماجی و معاشی ترقی کیلئے اہم کردار ادا کررہی ہے۔ خطے کے روشن مستقبل کیلئے ہمیں جغرافیائی اور سیاسی محاذ آرائی سے خود کو آزاد کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایس سی او ترقیاتی منصوبوں کیلئے متبادل فنڈنگ کا طریقہ کار وضع کرے، خطے میں امن سلامتی کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کا کردار اہم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان محل وقوع کے اعتبار سے تجارت کی اہم گزرگاہ ہے، اس کے علاوہ سی پیک کے ذریعے پاکستان ترقی و خوشحالی کی منزل کے حصول کی جانب گامزن ہے۔
وزیراعظم نے اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا کہ افغانستان دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات کرے تاکہ اس کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی دہشتگردی کی شدید مذمت کی جانی چاہئے، افغانستان میں پائیدار امن ہمارا مشترکہ ہدف ہے، اس حوالے سے افغانستان کی عبوری حکومت کے ساتھ بامعنی طور پر بات چیت کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا اور لسانیت کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے موجود ہیں، غزہ میں انسانیت سوز مظالم جاری ہیں۔ ہمیں سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ پاکستان رواں سال اکتوبر میں ایس سی او سربراہ حکومت کے اجلاس کی میزبانی کرے گا، پاکستان ایس سی او کو ایک متحرک تنظیم بنانے اور اہداف کے حصول میں اپنا بھرپور کردارادا کرے گا۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے قازقستان کے دارالحکومت آستانہ پہنچنے پر انڈیپینڈینس پیلس میں قازق صدر قاسم جومارت توکائیوف نے شاندار استقبال کیا۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی میں شمولیت :وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سمیت 70اراکین کے حلف نامے جمع