پی ٹی آئی جلسے کے اعلان

پی ٹی آئی جلسے کے اعلان نے جعلی حکومت کو ہلا کر رکھ دیا، بیرسٹر سیف

پی ٹی آئی جلسے کے اعلان نے ہی فارم 47 کی جعلی حکومت کو ہلا کر رکھ دیا، عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ ہوا تو اسلام آباد کی طرف مارچ کرینگے۔
ویب ڈیسک: پی ٹی آئی جلسے کے اعلان کے حوالے سے مشیر اطلاعات خیبرپختونکوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے صرف جلسے کے اعلان نے ہی فارم 47 کی جعلی حکومت کے ایوان کو ہلا کر رکھ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں کل ہونے والا پی ٹی آئی کا جلسہ معطل کرنا ظلم و جبر اور غیر آئینی ہے۔
مشیرِ اطلاعات نے کہا کہ اسلام آباد جلسے سے متعلق عدالتی فیصلے کا انتظار کریں گے۔ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ ہوا تو عنقریب اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کہ پی ٹی آئی کی عوامی طاقت نے ایک بار پھر سے ثابت کر دیا کہ یہ ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوامی طاقت نے جعلی فارم 47 کی حکومت اور ایوانوں کو نہ صرف ہلا کر رکھ دیا ہے بلکہ جلسے کے اعلان نے جعلی حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر بھی مجبور کر دیا۔
مشیر اطلاعات نے امکانی صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر مارچ ہوا تو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اس کی قیادت کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد میں پارٹی رہنماوں عمر ایوب، علی محمد خان، اسد قیصر، رؤف حسن اور دیگر کےہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں جلسہ آئین کے تحفظ کے لیے تھا ، ہم نے جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہاتھا کہ 4 مہینے بعد ایک این او سی جاری ہوا تھا، ڈپٹی کمشنر ہو یا چیف کمشنر کے کہنے سے این او سی معطل نہیں ہو سکتا ، ہم نے پھر بھی قانون کا سہارا لیتے ہوئے درخواست دائر کردی ہے.
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت چند دنوں کی مہمان ہے جس کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی، تحریک انصاف کا جلسہ عاشورہ کے بعد ہوگا۔

مزید پڑھیں:  کشیدہ صورتحال کے باعث بنوں کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ