پاکستان میں ہونیوالی چیمپئنز ٹرافی

پاکستان میں ہونیوالی چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول جاری، بھارتی میچز لاہور میں‌ہونگے

ویب ڈیسک: پاکستان میں ہونیوالی چیمپئنز ٹرافی کا مکمل شیڈول جاری کر دیا گیا۔ اگلے سال ہونے والے ایونٹ کے حوالے سے پی سی بی ذرائع نے پہلے ہی تاریخوں کا اعلان کیا تھا۔
پی سی بی ذرائع نے پہلے ہی تمام تاریخیں بتاتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد 19 فروری سے 9 مارچ تک ہوگا، یکم مارچ کو پاک بھارت میچ کھیلا جائیگا جبکہ بھارت کے تمام گروپ میچز لاہور میں ہونگے۔
پی سی بی کے اعلان کے بعد اب آئی سی سی کی جانب سے پاکستان میں ہونیوالی چیمپئنز ٹرافی کا تفصیلی شیڈول منظر عام پر آ گیا ہے۔
آئِی سی سی مجوزہ شیڈول کے مطابق پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش گروپ اے میں جبکہ آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقا اور افغانستان گروپ بی میں شامل ہیں۔
شیڈول کے مطابق میزبان پاکستانی ٹیم تینوں وینیوز لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں گروپ میچز کھیلے گی۔
چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ 19 فروری کو کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہو گا۔ 20 فروری کو لاہور میں بھارت اور بنگلا دیش کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
21 فروری کو افغانستان اور جنوبی افریقا کا میچ کراچی میں ہو گا، 22 فروری کو آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں لاہور میں مد مقابل ہوں گی۔
23 فروری کو بھارت اور نیوزی لینڈ لاہور میں جبکہ پاکستان اور بنگلا دیش 24 فروری کو راولپنڈی میں ٹکرائینگے۔
25 فروری کو افغانستان اور انگلینڈ کے میچ کی میزبانی لاہور کرے گا، 26 فروری کو راولپنڈی میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کا ٹاکرا ہوگا۔
آئِی سی سی چمپئنز ٹرافی کے شیڈول کے مطابق 27 فروری کو لاہور میں بنگلا دیش اور نیوزی لینڈ، 28 فروری کو راولپنڈی میں افغانستان اور آسٹریلیا جبکہ یکم مارچ کو پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں لاہور میں مدمقابل ہونگی۔
اس کے علاوہ 2 مارچ کو راولپنڈی میں جنوبی افریقا اور انگلینڈ ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہونگے۔
5 مارچ کو پہلا سیمی فائنل کراچی جبکہ دوسرا سیمی فائنل 6 مارچ کو راولپنڈی میں رکھا گیا ہے جبکہ میگا ایونٹ کا فیصلہ کن میچ 9 مارچ کو لاہور میں رکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  صوابی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بیٹی جاں بحق، باپ بیٹا زخمی