ڈوب مرنے کا مقام

آئی ایم ایف کے پاس دوبارہ جانا ڈوب مرنےکا مقام ہوگا،وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قرضوں نے ہماری نسلوں کو بھی گروی رکھ دیا ہے،آئی ایم ایف کے پاس دوبارہ جانا ڈوب مرنے کا مقام ہوگا ۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کوئٹہ میں کسان پیکیج کے دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ آئی ایم ایف کے پاس جانا مجبوری تھی، تلخ فیصلے نہ کیے تو دوبارہ آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ وفاق بلوچستان سے مل کر صوبے کے 28 ہزار ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرے گا، بلوچستان میں بجلی پر چلنے والے 28 ہزارٹیب ویلوں کو شمسی توانائی پرمنتقل کیا جارہا ہے، منصوبے پر 55 ارب روپے کی لاگت آئے گی ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا ٹیوب ویلز کے شمسی توانائی پر منتقل ہونے سے کسان خوشحال ہو گا، وفاق نے دس سال میں ٹیوب ویلز کے لیے بجلی کے بلز کی مد میں 500 ارب روپے دیے ہیں، ہر سال 70 سے 80 ارب روپے بجلی کے بلز کی مد میں ادا کیے جا رہے ہیں، بجلی کے بل ادا نہیں ہوتے جس کا بوجھ وفاق اٹھا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا بلوچستان ترقی کی دوڑ میں پیچھے ہے جس کی کئی وجوہات ہیں، اگر 500 ارب سبسڈی کا پیسہ بلوچستان کی ترقی خوشحالی پر لگا ہوتا تو یہاں ترقی ہوتی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کسانوں کو سولر پینل مہیاکئے جائیں گے، وزیراعلی بلوچستان نے یہ یقین دہانی کروائی ہے کہ تین ماہ میں 28 ہزار کنکشن لگ جائیں گے، یہ منصوبہ تین ماہ میں مکمل ہو گا یہی اصلاحات کا ایجنڈا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں 10لاکھ ٹیوب ویلز شمسی توانائی پرمنتقل کریں گے، تیل پر چلنے والے 10لاکھ ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کریں گے، ہم قرضوں میں جکڑے ہوئے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا قرضوں نے ہماری نسلوں کو بھی گروی رکھ دیا ہے، قرضوں سے جان چھڑانے کے لیے وفاق، صوبے اور متعلقہ ادارے کام کریں گے تو آنے والی نسلیں دعائیں دیں گی، اگر تین سال بعد دوبارہ آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا تو ہمارے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر چیزوں کو بہتر کریں گے، ہم نے اسی ماہ آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کرنا ہے، تلخ فیصلہ نہ کیے تو دوبارہ آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ گوادر کے حوالے سے میں شکایت نہیں کر رہا،گوادر میں سیف سٹی بند کر دیا گیا، گوادر ان شا اللہ ریکوڈک کی کانوں سے زیادہ فائدہ مند ہو گا، ہم گوادر کو شاندار پورٹ بنانے کے لیے تیار ہیں۔

مزید پڑھیں:  رؤف حسن کے ملک دشمن عناصر کیساتھ رابطے تھے، عطا تارڑ