افغان مہاجرین کی باوقار وطن واپسی

افغان مہاجرین کی باوقار وطن واپسی اولین ترجیح ہے، شہباز شریف

افغان مہاجرین کی باوقار وطن واپسی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، عالمی برادری اس سلسلے میں مدد کرے، وزیراعظم پاکستان
ویب ڈیسک: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کی باوقار وطن واپسی اولین ترجیح ہے، یو این ایچ سی آر افغان مہاجرین کے لیے ایک پائیدار حل کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلپو گرینڈی نے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے ملاقات میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر سے بات چیت کرتے ہوئے چار دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی میں اقوام متحدہ کی حمایت کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ متعدد چیلنجز کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ افغان مہاجرین کی انتہائی عزت اور پروقار میزبانی کی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یو این ایچ سی آر افغان مہاجرین کے لیے ایک پائیدار حل فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے، افغان مہاجرین کی باوقار وطن واپسی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے مسئلے میں عالمی برادری مدد کرے، مہاجرین کی واپسی میں درپیش سماجی و اقتصادی چیلنجوں اور سلامتی کے خطرات کو بھی مدنظر رکھا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری افغان مہاجرین کی وجہ سے ملک پر پڑنے والے بے پناہ بوجھ کو کم کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرے۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر نے کئی دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی پر حکومت پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ واقعی پاکستان نے جس طرح افغانوں کی میزبانی کی اسے سراہا جانا چاہئے۔
ہائی کمشنر فلپو گرینڈی کا کہنا تھا کہ کمیشن افغان مہاجرین کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

مزید پڑھیں:  ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف خفیہ دستاویزات کا کیس خارج