شیر افضل مروت پارٹی رکن

شیر افضل مروت پارٹی رکن اورعمران خان کے وفادار ہیں،بیرسٹرگوہر

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے شیر افضل مروت کی رکنیت معطلی کے حوالے سے کہا ہے کہ ان کی پارٹی رکنیت منسوخی کاعلم نہیں، سابق وزیراعظم سے ملاقات میں تمام صورتحال واضح کروں گا، شیر افضل مروت پارٹی رکن اور عمران خان کے وفادار ہیں۔
انہوں نے شیر افضل مروت کی پارٹی رکنیت کی منسوخی کے نوٹیفکیشن پر ردعمل جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی رکنیت منسوخی کا علم نہیں، آج عمران خان سے ملاقات میں ساری صورتحال سامنے رکھوں گا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم موجودہ صورتحال میں کون ہدایات جاری کر رہا ہے، انہوں نے واضح کیا کہ میرے نوٹس میں نہیں لایا گیا کہ شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت منسوخ کی گئِی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے سوال اٹھایا کہ شیر افضل مروت کی رکنیت کیسے ختم کر دی گئی جبکہ انہیں کسی کمیٹی نے بلایا تک نہیں، آج بانی چیئرمین سے ملاقات میں اس نوٹیفکیشن کو واپس کراؤں گا، شیر افضل مروت پارٹی رکن اور عمران خان کے وفادار ہیں۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کرتے ہوئے ان سے قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔
ایڈیشنل جنرل سیکرٹری تحریک انصاف فردوس شمیم نقوی نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی نے سنگین خلاف ورزیوں پر شیر افضل مروت کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شیر افضل مروت کو جاری نوٹس میں کہا گیا تھا کہ آپ نے کسی بھی شوکاز کا اطمینان بخش جواب نہیں دیا، آپ کے پارٹی رہنماؤں کیخلاف دیے گئے بیانات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، تاہم بانی پی ٹی آئی نے پارٹی قیادت کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن کا اختیار دے رکھا ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیر افضل مروت کا کہنا تھا میں پارٹی کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں لیکن واضح کر دوں کہ خان کا سپاہی تھا، ہوں اور رہوں گا، اپنی حیثیت میں لیڈر کی رہائی کی جو کوشش کر سکا کروں گا۔
انہوں نے ایکس پیغام میں مزید لکھا ہے کہ غلط فہمیاں پیدا کی جا رہی ہیں، میں کوشش کروں گا لیڈر سے ملکر اپنا موقف انکے سامنے پیش کروں۔

مزید پڑھیں:  سینیٹ اور قومی اسمبلی کےاجلاس طلب، آئینی ترمیم لائے جانے کا امکان