ویب ڈیسک: ایران میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کے حوالے سے برطانوی میڈیا نے نیا پینڈورا باکس کھولتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی ایجنسیوں نے اسماعیل ہنیہ کے قتل میں ایرانی ایجنٹس استعمال کئے ہیں۔
برطانوی اخبار کے سنسنی خیز دعوے نے جنگل میں آگ کی طرح پھِیل کر ایک نیا مسئلہ کھڑا کر دیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ایرانی ایجنٹوں نے مہمان خانے کے 3 کمروں میں دھماکا خیز مواد نصب کیا تھا، ایرانی حکام کے پاس ایجنٹوں کے کمروں میں انتہائی تیزی سے آنے جانے کی ویڈیو موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق اسماعیل ہنیہ اسی عمارت میں اکثر قیام کرتے تھے، ایرانی حکام کے پاس عمارت کی سی سی ٹی وی موجود ہے جس میں ایجنٹوں کو کمروں میں انتہائی تیزی سے آتے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
برٹش ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ دھماکا خیزمواد نصب کرنیوالے ایجنٹ ایران چھوڑ چکے تھے اور دھماکا خیزمواد کو بیرون ملک ریموٹ کنٹرول کے ذریعے تباہ کیا گیا جبکہ تحقیقات کے دوران دیگر دو کمروں سے دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران کے ملٹری ذرائع کا بتانا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کی تحقیات کے لیے انٹیلی جنس اور ملٹری افسران کے علاوہ اسماعیل ہنیہ کے گیسٹ ہاؤس کے ملازمین کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
اسماعیل ہنیہ پر تہران میں قاتلانہ حملہ ایران کی سکیورٹی کے لیے بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایران کی پاسداران انقلاب کی خصوصی انٹیلی جنس ٹیم اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا نے پہلے یہ اطلاع دی کہ اسماعیل ہنیہ کو میزائل حملے میں شہید کیا گیا ہے اور ان کی موجودگی کی اطلاع اسرائیل نے واٹس ایپ پر اسپائی ویئر کے لیے ذریعے حاصل کی، پھر یہ خبر سامنے آئی کہ اسماعیل ہنیہ کے کمرے میں پہلے سے بم نصب تھا اور پھر یہ خبر بھی سامنے آئی کہ اسرائیل نے ایرانی ایجنٹوں کے ذریعے اسماعیل ہنیہ کے کمرے میں بم نصب کروائے اور ایران کے پاس ان ایجنٹوں کی تصاویر بھی موجود ہیں۔
یاد رہے کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل میں ایرانی ایجنٹس کے استعمال ہونے کے بارے میںبرطانوی و امریکی میڈیا کیجانب سے گردش کرتی خبروں کے بعد ایران کی جانب سے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔
Load/Hide Comments