ملک بھر میں دھرنوں کا اعلان

جماعت اسلامی کا ملک بھر میں دھرنوں کا اعلان،ڈی چوک جانےکی دھمکی

ویب ڈیسک: مہنگائی اور بھاری بجلی بلوں سمیت دیگر مسائل کے خلاف لیاقت باغ سے جاری کوششوں کے بعد اب جماعت اسلامی نے ملک بھر میں دھرنوں کا اعلان کردیا ہے۔
اس دوران حکومت سے بھی مذاکرات میں پیشرفت نہ ہو سکی جس پر امیر جماعت اسلامی نے سخت موقف اپناتے ہوئے واضح کیا کہ مری روڈ سے کسی بھی وقت ڈی چوک تک مارچ کر سکتے ہیں۔
لیاقت باغ میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کے پاس لگتا ہے فیصلے کا اختیار نہیں یا وہ بھی زاتی سیاست کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فارم 47 والے حکمرانوں کو احساس ہونا چاہیے کہ عوام کے مطالبات کیا معنی رکھتے ہیں، اپنا گھربار چھوڑ کر سڑک پر آکر دھرنا دینا کسی کی خواہش نہیں ہوتی، اس شدید گرمی، حبس، برسات اور سخت موسمی حالات کے باوجود عوامی مطالبات کے لئے لوگ ڈٹے ہیں۔
دھرنے سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ غریب، مڈل کلاس اور تاجر برادری کے لیے ریلیف دی جائے، ان کی مصیبتیں کم کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ یہی ہماری سیاست کا محور اور منشور ہے اور اسی پر ہمیں فخر ہے۔یہ سیاست ہم عبادت سمجھ کر کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں موسمی صورتحال سخت ہیں، شدید بارش، آندھی اور طوفان ہے لیکن اس کے باوجود وہاں دھرنا شروع ہوجائے گا، پھر دھرنوں کا سلسلہ رکے گا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہمارے مطالبات سادہ اور واضح ہیں، بجلی کے بلوں میں کمی کی جائے، عوام اضافی ٹیکسز اور آئی پی پی کے کیپیسٹی چارجز ادا نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر ہی سیاست ہوگی، اپنا حق لے کر اٹھیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ آج تاریخی دھرنے کا 9واں دن ہے، ہمارا دھرنا عوامی قوت بنتا جارہا ہے، شرکا کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی تین دن سے لاپتہ ہے، مذاکراتی کمیٹی سے کہتا ہوں سامنے آئے اور کیمرے کے سامنے مذاکرات کرے۔
یاد رہے کہ جماعت اسلامی کا ملک بھر میں دھرنوں کا اعلان اور ڈی چوک جانے کی دھمکی بھی دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  جامعہ پشاور پر حملہ، سیکیورٹی میں سنگین کوتاہیاں باعث تشویش ہیں، وی سی