ویب ڈیسک: ضلع کوہاٹ میں نومولود جڑواں بیٹیاں سنگدل باپ نے قتل کر کے زمانہ جاہلیت کی یاد تازہ کر دی۔ ظالم انسان اپنی نومولود بچیوں کو قتل کرنے کے بعد اعترافی بیان میںجہاں ناپسندیدگی کا اقرار کرتا ہے وہیں ان کی تدفین کی نشاندہی بھی کرتا ہے.
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع کوہاٹ کے علاقے خیرماتو میں رمضان نامی شخص نے اپنی نومولود جڑواں بیٹیوں کو پانی میں ڈبو کر قتل کر دیا تھا۔
دوران تفتیش قاتل باپ نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ مجھے بیٹیاں پسند نہیں، میںنے جڑواں بچیوں کو پانی کے ڈرم میں ڈال کر قتل کیا۔ بعد ازاں شقی القلب ملزم نے اپنی دونوں بچیوں کو قتل کرنے کے بعد دفنا دیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ عدالت کے حکم پر قبر کشائی کی گئی اور پوسٹ مارٹم کے بعد حقیقت آشکار ہو گئی۔
پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزم کا تعلق میاںوالی سے ہے اور وہ ایک مقامی ڈیری فارم میں کام کرتا ہے، اب ملزم کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
یاد رہے کہ ضلع کوہاٹ میں نومولود جڑواں بیٹیاں سنگدل باپ کے ہاتھوں قتل کرنے کے واقعے نے لوگوں کو افسردہ کر دیا ہے۔
Load/Hide Comments