اشراق کی نماز کا طریقہ

سوال
اشراق کی نماز کا کیا طریقہ ہے؟
جواب
اشراق کی نماز طلوع آفتاب کے کم از کم دس منٹ بعد ، کم سے کم دو رکعت ہیں، جیسے عام نماز ادا کی جاتی ہے، اشراق کی نماز کا بھی وہی طریقہ ہے، دل میں نفل نماز کی نیت ہو، اشراق کا لفظ کہنا ضروری نہیں ہے، اگر اشراق کے وقت کے نفل کی نیت کی تو بھی درست ہے۔
اگر سورج طلوع ہونے کے پندرہ منٹ بعد پڑھی جائے تو زیادہ بہتر ہے، اور بعض علماء نے احتیاطاً سورج طلوع ہونے کے بیس منٹ بعد پڑھنے کو زیادہ بہتر کہاہے۔ اور اس کا مدار وہ روایت ہے جس میں سورج طلوع ہوجانے کے بعد ایک یا دو نیزے بلند ہونے کا ذکر ہے، اور سورج طلوع ہوکر تقریباً دس منٹ میں ایک نیزہ بلند ہوجاتاہے، اور بیس منٹ میں دو نیزہ کی مقدار، لہٰذا جن اہلِ علم نے دس منٹ مقدار لکھی ہے وہ کم سے کم وقت ہے، اور جنہوں نے بیس منٹ لکھا انہوں نے دو نیزے کی مقدار لے کر احتیاط والا قول لیا ہے۔
جیسا کہ حدیث شریف میں آتا ہے:
سنن الترمذي ت بشار (1/ 727):
ترجمہ؛ جو شخص فجر کی نماز جماعت سے ادا کرے پھر اپنی جگہ بیٹھ کر اللہ تعالیٰ کا ذکر کرتا رہے یہاں تک کہ سورج طلوع ہوجائے، پھر اس کے بعد دو رکعت پڑھے تو اس کو کامل حج و عمرہ کا ثواب ملے گا۔ فقط واللہ اعلم
________________________________________
فتوی نمبر : 144109202386
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

مزید پڑھیں:  پوتے کو دادا کی میراث سے حصہ کیوں نہیں ملتا؟