بارشوں سے تباہی

ملک بھر میں بارشوں نے تباہی مچا دی، 21افراد جاں بحق

ویب ڈیسک: ملک بھر میں بارشوں نے تباہی مچا دی ، نشی علاقے زیر آب آگئے ، مختلف علاقوں میں مکان کی چھت، دیواریں، آسمانی بجلی گرنے سے 21افراد جاں بحق ہو گئے ۔
خیبرپختونخوا ،سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
سیلابی صورتحال سے فضلوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے جبکہ بارش کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
خیبر پختونخوا میں ضلع ٹانک کے علاقے گومل کے گائوں کوٹ مرتضی میں مکان کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں دو خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔
حکام کے مطابق مون سون کی شدید بارشوں کے باعث تین کمروں کی چھت گرگئی۔،واقعے میں زخمی 3افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
وزیراعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے لئے مالی امداد کا اعلان کیا۔
ادھر دیرلوئر کے علاقے ثمرباغ سورہ غونڈو میں گھر کا برآمدہ گرنے سے جواں سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی، اہل خانہ اور مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لڑکی کی لاش ملبے سے نکالی۔
چارسدہ کے علاقے عمرزئی چیندرو ڈاگ میں مکان گرنے سے خاتون جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا ۔
کرک کی تحصیل تخت نصرتی میں بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور مختلف واقعات میں 4افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔
ریسکیو1122 نے مختلف اوقات میں آپریشن کے دوران تمام افراد کے جسد خاکی نکال لیے۔
جاں بحق افراد کی شناحت 60سالہ اورنگزیب، 12 سالہ اریان ولد عالم زیب، 11 سالہ اسد عمر 26 سالہ شہزاد ولد محمد ایاز عمر کے ناموں سے ہوئی۔
صوبہ سندھ میں جامشورو کی تحصیل تھانہ بولا خان کے مختف علاقوں میں بارش سے ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے۔
کوہستان کے مختف علاقوں تھانہ احمد خان،نوری آباد، کرچات، بال، سری، پوکن، کیئجی اور دوسروں علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
کیرتہر پہاڑی سے پانی کے بہا کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ کرچات کے علاقے میں سلطان برفت گاں میں ایک مسجد شہید ہوگئی جبکہ گاوں علی نواز برفت میں کچا مکان گرنے سے 65 سالہ علی محمد برفت اور اس کی بہو دب کر جاں بحق ہوگئے۔ بعض علاقوں میں بارش سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا۔
علاوہ ازیں پنجاب کے علاقے جہلم میں بارش کے باعث چھت گرنے سے زخمی ہونے والی عورت چل بسی۔ چار روز قبل خورد گاں میں خستہ حال گھر کی چھت گر گئی تھی جس کے نتیجے میں ماں دو دن کے بیٹے سمیت زخمی ہوئی تھی جبکہ دس سالہ بیٹی موقع پر جاں بحق ہوگئی تھی۔
واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد دو ہوگئی جبکہ اسپتال میں زیرعلاج نومولود زخمی بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

مزید پڑھیں:  حسینہ واجد کو واپس لانا ہوگا : ڈاکٹر محمد یونس