چین سے درخواست

چین سے قرضوں کو5سال کیلئے ری شیڈول کرنے کی درخواست کردی گئی

ویب ڈیسک: حکومت پاکستان نے چین سے قرضوں کو 5سال کے لئے ری شیڈول کرنے کی باضابطہ طورپر درخواست کردی ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے کہا ہے کہ چین کوباضابطہ طورپرپاکستانی قرضوں کو 5 سال کیلئے ری شیڈول کرنے کی درخواست کی ہے امید ہے چینی حکومت مثبت ردعمل کا اظہار کرے گی۔
وزیراعظم سے چائنا پبلک ڈپلومیسی ایسوسی ایشن کی دعوت پرچین کا دورہ کرنے والے صحافیوں کے وفد نے ملاقات کی ،صحافیوں کے وفد نے وزیراعظم شہبازشریف کو دورہ چین کی کامیابی سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی اور تعلقات پر کوئی سمجھوتہ نہیں، چین پاکستان کا آئرن برادر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے حالیہ دورہ چین میں اہم مقاصد حاصل کیے ہیں، چین کوباضابطہ طورپرپاکستانی قرضوں کو 5 سال کیلئے ری شیڈول کرنے کی درخواست کی، امید ہے چینی حکومت ہماری درخواست پر مثبت ردعمل کا اظہار کرے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بجلی کے مسائل سے بخوبی واقف ہوں، آئی پی پیز کے حوالے سے ترجیحات کا جائزہ لے رہے ہیں، 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والوں کو ریلیف دیا۔
انہوں نے کہا کہ چین کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گی، عوام کوبھی معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے مٹھی کی طرح یکجا ہونا پڑے گا۔
پاکستان میں کام کرنے والے چینیوں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، چینیوں کی حفاظت پر حکومت اور ادارے ایک پیج پر ہیں، اسے اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں، سی پیک جاری ہے اور جاری رہے گا، کوشش ہے سی پیک کے منصوبوں کو اپنی حکومت کے دور میں جلد مکمل کریں۔

مزید پڑھیں:  چیمپئنز ون ڈے کپ، ٹیموں کے کپتانوں کا اعلان کر دیا گیا