دو حملوں سے جواب

دشمنوں کو ایک کے بدلے دو حملوں سے جواب دیں گے،نیتن یاہو

ویب ڈیسک: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسرائیل پر حملہ کیا گیا تو ایک کے بدلے دو حملوں سے جواب دیا جائے گا ۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہونے کہا ہے کہ اگر ایران میں حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کے قتل کے جواب میں حملہ کیا گیا تو ایک کے بدلے دو حملوں سے جواب دیں گے ۔
نیتن یاہو نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ ہم اپنے دشمنوں کو ایک کے بدلے دو حملوں سے جواب دیں گے، اسرائیل کی سرخ لکیریں واضح ہیں اور ہم ان کی خلاف ورزی کی ہر کوشش کا جواب دیں گے۔
نیتن یاہو نے خبردار کیا ہے کہ ہمارا لمبا ہاتھ غزہ، یمن، بیروت اور ہر اس جگہ تک پہنچ جاتا ہے جہاں اس کی ضرورت ہے، نیتن یاہو نے غزہ میں فلاڈیلفیا محور کو کنٹرول کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اسرائیلی وزیراعظم نے حماس کے رہنمائوں کا زیر زمین اور زمین کے اوپر تعاقب کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس کے دوران کہا کہ ہم کسی بھی صورت حال کے لیے تیار ہیں اور میں اپنے دشمنوں پر پھر واضح کرتاہوں کہ ہم کسی بھی فریق کی طرف سے اپنے خلاف کسی بھی جارحانہ اقدام کا جواب دیں گے اور اسے بھاری قیمت چکانا ہوگی۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی بار ایسوسی ایشنز کو وفاق کے خلاف سرگرم ہونے کی ہدایت