گرڈ اسٹیشنز پر دھاوا

بنوں میں مظاہرین کا گرڈ اسٹیشنز پر دھاوا،بند فیڈرز چالو کرا لئے

ویب ڈیسک: بنوں میں مظاہرین نے بنوں گرڈ اور کرم گڑھی گرڈ اسٹیشن پر دھاوا بول کر زبردستی تمام بند فیڈرز چالو کرا لیے۔
ترجمان پیسکو کے مطابق متعدد مظاہرین گزشتہ رات زبردستی گرڈز میں گھسے اور فیڈرز آن کرائے ۔
ترجمان نے بتایا کہ ویڈیو میں مظاہرین کو لوہے کے آلات سے فیڈرز آن کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے،لوہے کے آلات سے فیڈرز آن کرانا کسی بھی خطرناک حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض اوقات مرمتی کام کی وجہ سے بھی فیڈرز بند کیے جاتے ہیں، مرمتی کاموں کے دوران فیڈر آن کرانے سے عملے کو جانی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ترجمان پیسکو کے مطابق بنوں گرڈ اسٹیشن سے منسلک تمام فیڈرز ہائی لاسز فیڈرز میں شمار ہوتے ہیں، لاسز زیادہ ہونے کی وجہ سے ان فیڈرز پر لوڈ مینجمنٹ کا دورانیہ بھی زیادہ ہے۔
پیسکو کی جانب سے مظاہرین کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں:  طوفان و بارش :چارسدہ میں چھت گرنے سے 5افراد جاں بحق