کشمیر ضرور آزاد ہوگا

کشمیر ضرور آزاد ہوگا، بھارت کسی کا حق نہیں چھین سکتا، شہباز شریف

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے یوم استحصال کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت کسی کا حق نہیں چھین سکتا، کشمیر ضرور آزاد ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ فلسطین کو بھی جلد ہی خودمختاری اور آزادی ملے گی۔ ہندوستان اور اسرائیل کو اپنے کئے کا جواب دینا پڑے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2019 میں آج کے دن اٹھائے گئے بھارتی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، دوسری طرف اقوام متحدہ اور سیکیورٹی کونسل کی قراردادیں یاد دلاتی ہیں کہ کشمیریوں کی حق تلفی ہو رہی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی بھارت کے غاصبانہ فیصلوں کو مسترد کر چکی ہیں، اس کے ساتھ ہی دنیا کو یہ واضح پیغام ملنا چاہئے کہ بھارت کسی کا حق نہیں چھین سکتا، کشمیر ضرور آزاد ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان اللہ کے فضل سے نیوکلیئر طاقت ہے، یہ بہتر ہوگا کہ تمام مسائل اور باہمی تنازعات مل بیٹھ کر حل کئَے جائیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ہندوستان کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، ہم ہر اس آنکھ کو نوچ لیں گے جو پاکستان کی جانب اٹھے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کو افہام و تفہیم سے تمام مسائل حل کرنے سمیت کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینا ہوگا، دوسری جانب سے فلسطین کے نہتے اور معصوم مسلمانوں کو بھی ان کا حق ملنا چاہئے۔

مزید پڑھیں:  ملک بھر میں یوٹیلٹی سٹورز دوبارہ کھل گئے،تمام آپریشنز بحال