بہت جلد اسلام آباد میں جلسہ

بہت جلد اسلام آباد میں جلسہ کرینگے، علی امین گنڈاپور

بہت جلد اسلام آباد میں جلسہ کرینگے، علی امین گنڈاپور، انشااللہ جلد عمران خان ہمارے درمیان ہوں گے، بیرسٹر گوہر، پی ٹی آئی اور فوج میں دراڑ ڈالنے کی ن لیگ کی کوششیں ناکام بنائیں گے، عمر ایوب، بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک مسائل حل نہیں ہوں گے، علی محمد خان
ویب ڈیسک: صوابی میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے پارٹی اراکین اور سپورٹرز نے بھرپور شرکت کی۔
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر سمیت جلسہ میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور، قائد حزب اختلاف عمر ایوب، حماد اظہر، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور علی محمد خان سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔
صوابی میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد میں جلسہ کرنا تھا، اب ہمیں اس سے کوئی نہیں روک سکتا، بہت جلد اسلام آیاد میں جلسہ کرینگے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگست کے آخر یا ستمبر کے پہلے ہفتے میں اسلام آباد میں جلسہ کرینگے۔ انہوں نے وفاق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس سلسلے میں این او سی نہیں دیا جائیگا تو پھر ڈی چوک میں دھرنا ہوگا۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں، ہم بھِی دوریاں ختم کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انشااللہ جلد بانی پی ٹی آئی ہمارے درمیان ہوں گے، سابق وزیراعظم سمجھوتہ کبھی نہیں کریں گے بلکہ ڈٹے رہیں گے۔
صوابی جلسے سے خطاب میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی فوج اور تحریک انصاف میں دراڑ ڈالنے کی کوشش اور سازش کو ناکام بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، جب عمران خان کی کال آئے گی سب نے لبیک کہنا ہے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ یہ تاریخی جلسہ ایک انقلاب کا درجہ رکھتا ہے، ہم اس ملک کو آئین کے مطابق چلائیں گے، پاکستان میں تمام شہریوں کے حقوق یکساں ہیں۔
رہنما تحریک انصاف علی محمد خان نے بانی پی ٹی آئی کیلئے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے وفاق سے کہا کہ ایک سال ہوگیا کیا بانی پی ٹی آئی یا ہمارا ورکر ٹوٹا؟ مان لو تم ہار گئے۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک مسائل حل نہیں ہوں گے۔
صوابی جلسہ سے خطاب میں حماد اظہر نے کہا کہ کٹھ پتلی حکمرانوں نے معیشت کو بہت نقصان پہنچایا، سارے اعشاریئے منفی ہو رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمیں دبانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی گئی، جمہوری روایات کو روندا گیا لیکن اپنے مقصد کے حصول کیلئے ہم ثابت قدم رہے اور آئین و قانون کے راستے کو نہیں چھوڑا۔
حماد اظہر نے جلسے کے دوران ستمبر میں لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر دیا۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا میں پولیس افسران و اہلکاروں کے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد