ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے، صوبائی کابینہ اجلاس کیلئے24 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔
صوبائی کابینہ اجلاس کے لئے جاری ہونے والے ایجنڈے میں وزراء کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں ترامیم، ضلع سوات، لوئر، اپرچترال اور لوئر، اپردیر میں گندم کی خریداری شامل ہے۔
خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے اس دوران جہاں دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا وہیں اجلاس کیلئَے جاری مخصوص ایجنڈے میں نان اے ڈی پی سکیم سمیت 395 ویکسی نیٹرز کی تنخواہوں کیلئے فنڈز کی منظوری کا معاملہ ابھی زیرغور آئے گا۔
اجلاس میں سرکاری ملازمین کی پوسٹنگ ٹرانسفر رولز میں ترامیم، پیڈوکی چیف ایگزیکٹو پوسٹ کیلئے ایڈیشنل چارج کی منظوری سمیت گریڈ 17 اور ایس ایس ٹی 16 کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔
اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ڈی آئی خان کیلئے گرانٹ اور گومل زام ڈیم کیلئے 400 ملین روپے کی منظوری سمیت پشاور کی تاریخی مسجد مہابت خان کی مرمت کیلئے بھی فنڈز کی منظوری پر بحث و مباحثہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی صوبائی کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے بازگشت تھی لیکن اسے بعد میں ملتوی کر دیا گیا تھا.
Load/Hide Comments