ویب ڈیسک: ججز کی سیکورٹی کیلئے گاڑیاں فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں تمام جوڈیشل افسروں کے لئے نیا سیکورٹی پلان تشکیل دینے سمیت ججز کی سیکورٹی کیلئے گاڑیاں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو تمام سٹیک ہولڈرز سے رابطہ کرکے اس ضمن میں سیکورٹی پروٹوکول وضع کرے گی۔
اس بات کا فیصلہ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم کی سربراہی میں سیکورٹی امور سے متعلق اجلاس کے دوران کیا گیا۔
اس اجلاس میں سینئر جج جسٹس اعجاز انور سمیت ہائیکورٹ کے تمام ججز، رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ اختیار خان ، ایڈیشنل رجسٹرار ایڈمنسٹریشن ممریز خان خلیل، ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل ہدایت اللہ، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری، آئی جی پی خیبر پختونخوا اخترحیات خان ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم عابد مجید ، سی سی پی او قاسم علی خان، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی ودیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس اور صوبائی حکومت کے حکام نے ججز کی سیکورٹی سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ٹانک واقعہ سے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ سرکٹ بنچز کے ایڈیشنل رجسٹرار اور آر پی اوز مل کر ججز کو درپیش سیکورٹی مسائل کے لئے نئے طریقہ کار کے تحت حکمت عملی بنائیں گے۔
چیف جسٹس نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ججز کی سیکورٹی انکی اولین ترجیح ہے کیونکہ ججز لوگوں کو انصاف کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں اگر ان کےلئے سیکورٹی مسائل پیدا ہونگے تو یہ ایک لازمی بات ہے کہ وہ اپنی فرائض منصبی بھی بہتر طریقے سے انجام نہیں دے سکیں گے ۔
Load/Hide Comments