خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں کا اعزازیہ

خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں کا اعزازیہ بڑھانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں کا اعزازیہ بڑھانے کا فیصلہ، محکمہ خزانہ تحصیل میئر کے لئے سالانہ 344 ملین روپے سے زائد مختص کرے گا۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں کا اعزازیہ بڑھانے کیلئے محکمہ خزانہ کی جانب سے دستاویز جاری کر دی گئی۔ دستاویز کے مطابق تحصیل چیئرمین کا اعزازیہ 100 فیصد جبکہ تحصیل میئر کا اعزازیہ 40 ہزار سے بڑھا کر 80 ہزار کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ نیبر ہڈ کونسل اور ویلیج کونسل چیئرمین کا اعزازیہ 20 ہزار سے بڑھا کر 30 ہزار تک کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کی اجرت اور الاؤنس رولز 2022 میں تبدیلی کرتے ہوئے ان کے اعزازیہ میں اضافے کا مقصد بلدیاتی نظام کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ محکمہ خزانہ تحصیل میئر کے لئے سالانہ 344 ملین روپے سے زائد مختص کرے گا۔
نیبر ہڈ کونسل اور ویلیج کونسل چیئرمین کے اعزازیہ کے لئے 2 ہزار 412 ملین روپے فنڈ میں مختص کئے جائیں گے، اس کے ساتھ ہی بلدیاتی نمائندوں کے دفاتر کے لئے مختص کرایوں کی مد میں بھی فنڈز کا اجراء کیا جائیگا۔
ان اقدامات کا مقصد جہاں بلدیاتی نظام کو مستحکم بنانا ہے وہیں عوامی نمائندگان کی کارکردگی کو بھی تیز کرنا ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی حکام ذہنی توازن کھو چکے، انتقام کا کڑوا ذائقہ چکھنا ہوگا، ایران