سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بارش

ملک بھر میں سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بارش کی نذر

ویب ڈیسک: ملک بھر میں سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بارش کی نذر ہو گئیں، گلیشیئر پھٹنے سے زیریں گلگت زیرآب آ گیا، عوام نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر میں بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، ان علاقوں میں گلگت بلتستان، بلوچستان اور سندھ کے کئی علاقے شدید متاثر ہوئے، میں متعدد دیہات زیر آب آگئے جبکہ سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔
گلیشیئرز پگھلنے سے گلگت کے علاقے رحیم آباد کے برساتی نالے میں زرعی زمینیں زیر آب آگئیں، استور میں پرشینگ کے مقام پر گزشتہ روز آسمانی بجلی گرنے اور سیلابی صورتحال سے کئی مکانات، فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا، بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوگئی، گلیشیئر پھتنے سے لوئر چترال میں بھی بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، بڑا رقبہ زیر آب آ گیا۔ دریائے چترال میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
گلگت میں شدید طغیانی کے بعد جگلوٹ گورو نالے میں صورتحال معمول پر آ گئی، رحیم آباد نالے میں بھی سیلابی صورتحال رہی تاہم اس دوران نشیبی علاقے اور زرعی زمینیں زیر آب آگئیں۔
اس کے علاوہ دریائے ہنزہ نگر میں بھِی بارشوں نے تباہی مچا دی، شدید سیلابی صورتحال سے گلگت شہر کے مضافاتی علاقے فیض آباد میں دریائی کٹاؤ میں تیزی آگئی۔
دوسری جانب کھیرتھر پہاڑی سلسلے میں ہونیوالی طوفانی بارشوں کے باعث گاج، سول ندی اور نلی ہلیلی میں طغیانی آگئی، فریدہ آباد کے 65 سے زائد دیہات کا جوہی سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
خیرپور میں بارش سے کپاس، کھجور اور دیگر فصلوں کو بھی نقصان پہنچا، بلوچستان کے 25 سے زائد اضلاع میں مون سون بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔
بلوچستان میں جون سے جاری بارشوں میں اگست میں مزید تیزی دیکھی جا رہی ہے، صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ مون سون بارشوں سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کے تحت ہر ضلع میں سامان پہنچا دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں 15 افراد جان بحق جبکہ 35زخمی ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 100 سے زائد مکانات تباہ جبکہ 180 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بارش کی نذر ہو گئیں، گلیشیئر پھٹنے سے زیریں گلگت زیرآب آ گیا، عوام نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔

مزید پڑھیں:  صدر مملکت نے پشاور ہائیکورٹ میں ججوں کی تعداد بڑھا کر 30کردی