ویب ڈیسک: تخت بھائی میں ٹرانسفارمر لنک درستگی کے دوران کرنٹ لگنےسے ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ تخت بھائی کے علاقہ لوند خوڑ سبحان آباد میں ٹرانسفرمر لنک میں کام کے دوران بجلی کا زوردار جھٹکا لگنے کی وجہ سے 50 سالہ عربستان جاں بحق جبکہ 35 سالہ عمران شدید زخمی ہو گیا۔
اہالیان علاقہ کے مطابق مزکورہ ٹرانسفرمر کئی دنوں سے خراب تھا جس پر علاقے کے عوام نے واپڈا حکام کو بار بار شکایتیں کیں لیکن واپڈا حکام ٹس سے مس نہیں ہوئے۔
واپڈا حکام کی چشم پوشی پر علاقے کے مکین مجبور ہو کر خود ٹرانسفارمر لنک درستگی کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، اور فوری طور پر زخمی عمران کو ایم ایم سی مردان منتقل کر دیا جبکہ جاں بحق 50 سالہ عربستان کو پوسٹ مارٹم کے لیے لوند خوڑ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے خلاف اہلیان علاقہ نے شدید احتجاج کر تے ہوئے لوند خوڑ شیر گڑھ روڈ کو ہر قسم ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی اے اے سی تخت بھائی عبدالغفار گنڈاپور، ڈی ایس پی شیر گڑھ عجب خان اور دیگر مظاہرین سے مذاکرات کے لیے پہنچ گئے۔
اس دوران مظاہرین نے مذاکرات کیلئے آئے حکام سے واپڈا حکام کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔
Load/Hide Comments