یحییٰ السنوار کو قتل کرنے کا اعلان

اسرائیل کا حماس کے نئے سربراہ یحییٰ السنوار کو بھی قتل کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک: اسرائیل نے حماس کے نئے سربراہ یحییٰ السنوار کو بھی قتل کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔
حماس نے گزشتہ روز یحییٰ السنوار کو اسماعیل ہنیہ کے تہران میں قتل کے بعد اپنا نیا سربراہ منتخب کیا تھا، جن کا پورا نام یحییٰ ابراہیم حسن سنوار ہے۔
السنوار اس سے پہلے غزہ میں 2017سے حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اورتقریباً 22سال سے کچھ زیادہ عرصہ اسرائیلی جیلوں میں قید رہ چکے ہیں جبکہ حماس میں کئی اہم ذمہ داریاں بھی ادا کر چکے ہیں۔
اسرائیل اور اس کے اتحادی یحییٰ السنوار کو اپنے لیے زیادہ مشکل اور خطرناک سمجھتے ہیںاس لئے اسرائیلی آرمی چیف لیفٹینیٹ جنرل ہرزی ہیلوی نے السنوار کو تلاش کرنے اور ان پر حملہ کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
اسرائیل اس سے پہلے بھی مختلف ملکوں میں اس سے اختلاف رکھنے والے اور خصوصا عرب یا فلسطینی شناخت رکھنے والے قائدین کو اپنی خفیہ ایجنسیوں کے ذریعے قتل کروا چکا ہے اس لئے اسرائیل کا یہ اعلان کافی اہم ہے۔
سرائیل کے آرمی چیف نے کہا ہے کہ حماس کو مجبور کیا جائے کہ وہ ان کی جگہ کسی اور کو آگے لائے۔
دوسری جانب یحییٰ السنوار کو سربراہ منتخب کرنے کے بعد حماس کے ایک سینئر ذمہ دار نے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ یحییٰ السنوار کے انتخاب کا مطلب یہ ہے کہ ہماری تنظیم اپنی مزاحمت کو پہلے کی طرح جاری و ساری رکھنا چاہتی ہے اور مزاحمت میں کوئی کمزوری نہیں لانا چاہتی۔
مبصرین کا ماننا ہے کہ یحییٰ سنوار اسماعیل ہنیہ سے بھی زیادہ مضبوط اعصاب کے مالک ہیں اور سخت موقف اختیار کرنے والے لیڈر ہیں۔

مزید پڑھیں:  سکول عمارت نہ ہونے پر 300 سے زائد طلبہ سکول چھوڑ گئے