13 اگست کی رات ریلیاں نکالنے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی 13 اگست کی رات ریلیاں نکالنے کی ہدایت

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی 13 اگست کی رات ریلیاں نکالنے کی ہدایت، جھنڈے بھی ترتیب سے لگانے کی گائیڈ لائن دیدی گئی۔
ذرائع کے مطابق 14 اگست کے حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کا خصوصی پیغام جاری کر دیا گیا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے عظیم پاکستانیوں ماشاء اللہ پاکستان کی آزادی کا دن 14 آگست قریب آنے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے میری تمام پاکستانیوں سے گزارش ہے کہ 13 آگست کی رات کو ملک بھر کے ہر شہر میں ریلی نکالی جائے، ریلی کے اندر جھںڈوں کی ترتیب بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جھنڈا اور ساتھ پاکستان تحریک انصاف کا جھنڈا ایک ساتھ ترتیب کے ساتھ لہرانا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ اس کےساتھ ہی یہ پیغام دینا ہے کہ انشاءاللہ ہم بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ ہیں اور اپنی تحریک جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں سب کو یہ پیغام دیتا ہوں کہ جھنڈا اس ترتیب سے اکھٹا بنا کر اٹھانا ہے، جیسا بتایا گیا ہے، اس دوران اگر کوئی اسے چھیننے کی غلطی کرتا ہے تو اس کی ویڈیو بنانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جھنڈا گاڑیوں پر، موٹر سائیکلوں پر، گھروں پر لگائیں یا ریلی میں لہرائیں۔ جھنڈا چھیننے کی کوشش ہو تو ویڈیو بنائیں تاکہ وہ لوگ ریکارڈ پر آجائیں جو پاکستان کے جھنڈے کو ہاتھ ڈالتے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ انشاءاللہ جب وقت ائے گا تو ان کو اس بات کا حساب دینا پڑے گا۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی 13 اگست کی رات ریلیاں نکالنے کی ہدایت کرنے کے ساتھ ساتھ جھنڈے بھی ترتیب سے لگانے کی گائیڈ لائن دیدی گئی، ان کی ہدایات کے مطابق قومی پرچم کے نیچے پی ٹی آئی کا جھنڈا لگانا ہے۔

مزید پڑھیں:  ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل گیا ہے ، سٹیٹ بینک نے خوشخبری سنا دی