ویب ڈیسک: گرینڈ اپوزیشن الائنس نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
گرینڈ اپوزیشن الائنس کا اجلاس تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں بیرسٹر گوہر علی خان، قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان، شبلی فراز، سابق اسپیکر اسد قیصر، اتحادی جماعتوں کے رہنمائوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں الیکشن ایکٹ کو چیلنج کرنے اور 14اگست پر ملک کے بڑے شہروں میں سیمینار منعقد کرانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ یہ پہلا الائنس ہے جو نہ کسی کے خلاف ہے نہ کسی کی مخالفت میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف اور ججز بڑے ہوں گے اللہ انہیں مزید بڑا کرے ہمارے لیے بڑا پارلیمنٹ اور پاکستان ہے، تمام افراد کو کہتے ہیں کہ آکر ہماری رہبری کریں تاکہ پاکستان کو اچھا چلایا جا سکے۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ 14اگست کو ہر صوبے میں حقیقی آزادی کے نام سے دانش وروں کو اکٹھا کریں گے اصلی حقیقی آزادی کیا ہے یہ بتائیں گے کیوں کہ حقیقی آزادی کے مزے عوام کے حوالے نہیں کئے گئے ۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ تیرہ اگست کو پاکستانی جھنڈے لے کر طلبا اور نوجوان نکلیں گے۔
14 اگست کو آئین اور جمہوریت پر سیمینار منعقد کیے جائیں گے، بلاول بھٹو کنفیوژن کا شکار ہیں اور ہر جگہ سے مزے لے رہے ہیں
انہوں نے کہا کہ امام مسجد نبوی آئے تھے لیکن بدقسمتی ہے کہ بلاول نے غلط تاثر دینے کی بات کی، آج کے دن بجلی 2 روپے 64 پیسے بلاول کی اتحادی حکومت نے بڑھائے۔
میڈیا سے بات چیت کے دوران عمر ایوب نے پی ٹی آئی کا علامتی بھوک ہڑتال کیمپ معطل کرنے کا بھی اعلان کیا ۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے آئین و قانون کے مطابق ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کو ختم کرنے کے لئے قانون سازی کی جارہی ہے، ہمارے 41ممبران اسمبلی اس الیکشن ایکٹ قانون سازی کو چیلنج کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی پارٹی اور دیگر جماعتیں بھی قانون سازی کو چیلنج کریں گی، جسٹس منصور علی شاہ کے چیف جسٹس بننے کا نوٹی فکیشن فوری طور پر جاری کیا جائے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ محمود اچکزئی کوئٹہ میں اور باقی قیادت دیگر شہروں میں سیمنار منعقد کروائے گی، جب فل کورٹ فیصلے دے تو کس حیثیت سے فیصلے تبدیل کیے جاتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور حقیقی آزادی ایونٹس میں سنجیدہ سوچ رکھنے والوں کو بلائیں گے۔
Load/Hide Comments