خیبرپختونخوا میں تعلیم کارڈ

خیبرپختونخوا میں تعلیم کارڈ کے اجراء کا فیصلہ

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں تعلیم کارڈ کے اجراء کا فیصلہ، محکمہ تعلیم اور خزانہ کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی جانب سے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے صحت کارڈ کے بعد خیبرپختونخوا میں تعلیم کارڈ کے اجراء کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور کی جانب سے تعلیم کارڈ کے اجراء کا فیصلہ کرنے کے ساتھ ہی محکمہ تعلیم اور محکمہ خزانہ کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔
وزیراعلٰی خیبرپختونخوا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پسماندہ ضلع سے تعلیم کارڈ کا اجراء کر رہے ہیں، تعلیم کارڈ کا اجراء اپر چترال سے کیا جائے گا، یہیں سے منصوبے کو پائلٹ کریں گے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں بہترین نتائج کے حصول کے لئے اس اہم منصوبے کو پہلے پائلٹ کیا جائے گا، اس کے بعد دیگر ضلعوں تک مرحلہ وار اسے وسعت دی جائے گی۔
تعلیم کارڈ کے اجراء کے بارے میں وزیراعلیٰ ِخیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ یہ ہماری حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہوگا، یہ ہماری حکومت کی جانب سے مستقبل کے نوجوانوں پر سب سے بڑی انوسمٹمنٹ ہوگی۔
یاد رہے کہ تعلیم کارڈ کے اجراء کے حوالے سے فیصلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم فیصل خان ترکئی، مشیر خزانہ مزمل اسلم، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری، سیکرٹری تعلیم مسعود احمد و دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔

مزید پڑھیں:  حکومت نے آئی ایم ایف کو راضی کرلیا،نئے قرض کی منظوری کاامکان