ارشد ندیم کا شاندار استقبال

قومی ہیرو ارشد ندیم کا وطن پہنچنے پر شاندار استقبال

ویب ڈیسک: پیرس اولمپکس میں تاریخ رقم کرنے والے قومی ہیرو گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا وطن پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا ،لاہور ائیر پر پرستاروں کی جانب سے محبتوں کے پھول نچھاور کئے گئے۔
اولمپک چمپئن ارشد ندیم کی پرواز رات ایک بج کر 25منٹ پر لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر پہنچی،پاکستان کی حدود میں طیارہ داخل ہونے پر خوش آمدید کہا گیا، طیارے کو خصوصی واٹر کینن سیلوٹ پیش کیا گیا۔
ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر احسن اقبال، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور شزا فاطمہ سمیت دیگر سیاسی رہنماوں نے ارشد ندیم کا استقبال کیا۔
ایئرپورٹ سٹیٹ لانج میں موجود ارشد ندیم کے والد نے اپنے بیٹے کو گلے لگایا اور پھولوں کے ہار پہنائے، خواجہ سعد رفیق، صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری اور دیگر نے بھی ارشد ندیم کو ہار پہنائے۔
بیٹے کے استقبال کے دوران والد جذباتی ہوگئے جبکہ خود ارشد ندیم کی آنکھیں بھی پرنم دکھائی دیں۔
ارشد ندیم کے والد کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے قوم کا مان رکھ لیا، میں تو ایک مزدورہوں، اللہ کا کرم ہوگیا۔
ارشد ندیم کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے پرستاروں کا سمندر امڈ آیا، ارشد ندیم کے آبائی شہر میاں چنوں سے بھی اہلخانہ، عزیز واقارب اور مداح بڑی تعداد میں لاہور ایئرپورٹ پہنچے۔
فخر پاکستان ارشد ندیم کے چاہنے والوں نے اپنے ہیرو پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے، ایئرپورٹ ارشد ندیم زندہ باد، پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا،شہریوں نے اپنے ہیرو کو کندھوں پر اٹھایا۔
ایئرپورٹ سے باہر نکلنے پر مداحوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر ارشد ندیم کو ڈبل ڈیکر بس پر سوار کیا گیا، ارشد ندیم نے بس پر سوار ہو کر مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور ہاتھ اٹھا کر عوام کے نعروں اور محبتوں کا جواب دیا، اس موقع پر پرستار بس کے ساتھ ساتھ چلتے رہے۔
لاہور ایئرپورٹ کے خارجی راستے پر بینرز اور ارشد ندیم کی قد آور تصاویر بھی لگائی گئیں۔
اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے لاہور سے میاں چنوں جاتے ہوئے راستے میں نماز فجر کی ادائیگی کیلئے رائیونڈ کے تبلیغی مرکز میں قیام کیا۔
قومی ہیرو ارشد ندیم پاکستان آمد کے بعد لاہور سے اپنے گاں میاں چنوں کیلئے روانہ ہوئے تو ان کے ہمراہ کئی گاڑیوں پر مشتمل قافلہ بھی تھا، راستے میں نماز فجر کا وقت ہونے پر انہوں نے تبلیغی مرکز میں نماز ادا کی اور شکرانے کے نفل پڑھے جس کے بعد میاں چنوں کیلئے روانہ ہوگئے۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ جیولن تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا ہے، انہوں نے 92.97 میٹر تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔
مینز جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا، ارشد ندیم پاکستان کی جانب سے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔

مزید پڑھیں:  چیف جسٹس کی ایکسٹینشن کیلئے بولیاں جاری ہیں ،حافظ نعیم