روہنگیا مسلمانوں پر ڈرون حملہ

میانمار کے روہنگیا مسلمانوں پر ڈرون حملہ،سینکڑوں افراد جاں بحق

ویب ڈیسک: میانمار سے ہجرت کرنے والے روہنگیا مسلمانوں پر ڈرون حملے میں بچوں اور خواتین سمیت سینکڑوں افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہو گئے ہیں ۔
اراکان آرمی اور سرکاری فورسز کی جانب سے حملے کی ذمہ داری ایک دوسرے پر عائد کی جانے لگی ۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین اور ڈرون حملے میں زخمی ہونے والے افراد کا کہنا تھا کہ لاشوں کی شناخت کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں اور ایک بڑی تعداد زخمیوں کی بھی ہے۔
عینی شاہدین، انسانی حقوق کے کارکنوں اور سفارت کاروں نے ڈرون حملے کے بارے میں بتایا کہ میانمار سے ہمسایہ ملک بنگلہ دیش جانے والے افراد پر ڈرون حملہ کیا گیا اور کئی خاندانوں کو قتل کردیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس حملے میں ایک حاملہ خاتون ور ان کی دو سالہ بیٹی بھی جاں بحق ہوگئی ہیں۔
موقع پر موجود افراد کا کہنا تھا کہ اس حملے کی ذمہ داری اراکان آرمی پر عائد کی گئی تھی لیکن ان کی جانب سے تردید کی گئی ہے جبکہ میانمار کی فوج اور اراکان آرمی ایک دوسرے پر اس حملے کا الزام عائد کر رہی ہے۔
آزاد ذرائع سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد معلوم نہیں ہوسکی تاہم جاں بحق افراد کی تعداد درجنوں میں بتائی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کیچڑ والی زمین میں کئی لاشیں پڑی ہوئی ہیں اور ان کا سامان بھی بکھرا ہوا ہے۔
حملے میں زندہ بچ جانے والے افراد نے بتایا کہ 200 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اس نے 70 لاشیں دیکھی ہیں۔
رائٹرز کے مطابق مذکورہ ویڈیوز میانمار کے علاقے مانگڈا کے قریب کی ہیں تاہم یہ ویڈیوز کب کی ہیں واضح نہیں ہوسکا۔

مزید پڑھیں:  ہری پور میں آئل ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق