بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کے بعد اب اُن کے چھوٹے بیٹے ابرام خان نے بھی اپنے شوبز کیریئر کا آغاز کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان اور اُن کے دونوں بیٹوں آریان خان اور ابرام خان نے ہالی ووڈ کی اینیمیٹڈ فلم ’دی لائن کنگ‘ کے سیکوئل ‘مفاسہ: دی لائن کنگ’ کے ہندی ورژن میں ڈبنگ کی ہے۔
شاہ رخ خان ‘مفاسہ: دی لائن کنگ’ میں ڈبنگ کرکے پہلی بار اپنے دونوں بیٹوں کے ساتھ کام کررہے ہیں جبکہ اُن کے بیٹے ابرام نے اس پراجیکٹ کے ذریعے شوبز میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’دی لائن کنگ‘ کے سیکوئل میں شاہ رخ خان نے مفاسہ کو اپنی آواز دی ہے، ابرام خان نے نوجوان مفاسہ کے کردار کی ڈبنگ کی ہے، جبکہ آریان خان نے ‘سمبا’ کے لیے ڈبنگ کی ہے۔
‘مفاسہ: دی لائن کنگ’ کا ٹریلر بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہ رخ خان نے فلم میں اپنا مزاحیہ ٹچ بھی شامل کیا ہے، فلم کا ٹریلر دیکھ کر مداحوں کا کہنا ہے کہ ابرام خان نے بڑے ہی شاندار انداز میں ڈبنگ میں اپنا ڈیبیو کیا ہے۔
اس سے قبل شاہ رخ خان اور اُن کے بڑے بیٹے آریان خان نے فلم ‘دی لائن کنگ’ کے ہندی ورژن کی ڈبنگ بھی کی تھی جبکہ یہ پہلا موقع ہے کہ جب ابرام کسی فلمی پراجیکٹ کا حصہ بنے ہیں۔
واضح رہے کہ بیری جینکنس کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ‘مفاسہ: دی لائن کنگ’ رواں سال 20 دسمبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
Load/Hide Comments