حکومت کو ٹف ٹائم

اپوزیشن اتحاد نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے پر اتفاق کر لیا

ویب ڈیسک: اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومت کو ٹف فائم دینے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔
اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں پی کے میپ کے سربراہ محمود خان اچکزئی، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور محمد علی درانی شریک ہوئے جبکہ پی ٹی آئی سے بیرسٹر گوہر علی، عمر ایوب اور اسد قیصر نے شرکت کی ۔
اجلاس میں جماعت اسلامی اور بی این پی مینگل کا وفد بھی شریک تھا، اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی جبکہ حکومت مخالف تحریک پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ حکمت عملی کیلئے ٹی او آرز پر بھی بات ہوئی۔
اجلاس میں اپوزیشن اتحاد کے ایجنڈے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا جبکہ چند نکاتی ایجنڈا تیار کر کے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی بھی تیاری کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے شرکا نے اتفاق کیا کہ حکومت سے نہ مہنگائی، نہ بدامنی اور نہ ہی معیشت سنبھل سکی ہے، موجودہ حکومت کے کئے گئے تمام وعدے پورے نہ ہوسکے، وقت آگیا ہے کہ اب اپوزیشن کا اتحاد مزید مضبوط بنایا جائے۔
اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان بھی ایک ساتھ چلنے کے لیے راضی ہو گئے ہیں، اجلاس کا تفصیلی ایجنڈا بعد میں جاری کریں گے۔

مزید پڑھیں:  ہری پور میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، تاجروں کا شدید احتجاج