مفت ائیر ایمبولینس سروس

سندھ حکومت کی جانب سے بھی مفت ائیر ایمبولینس سروس کا آغاز

ویب ڈیسک: سندھ حکومت کی جانب سے بھی مفت ائیر ایمبولینس سروس کا آغاز کردیاگیا، منصوبے سے گھوٹکی، سکھر اور خیرپور کے مریضوں کو طبی امداد کے لیے فضائی راستے سے کراچی لے جایا جا سکے گا۔
اس سلسلے میں سندھ کے صوبائی وزرا سید ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے اعلان کیا کہ سندھ حکومت نے لوکل گورنمنٹ کونسل ایسوسی ایشن کے تحت مفت ایئر ایمبولینس سروس شروع کی ہے۔
وزرا نے کہا کہ سندھ لوکل کونسل ایسوسی ایشن اور ایئر کرافٹ کمپنی اے ایس ایس ایل کے درمیان سندھ میں یہ مفت ایئر ایمبولینس سروس فراہم کرنے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔
ایئر ایمبولینس سروس کا اعلان کرتے ہوئے تقریب کے دوران سعید غنی نے کہا کہ اس نئے منصوبے سے گھوٹکی، سکھر اور خیرپور کے مریضوں کو طبی امداد کے لیے فضائی راستے سے کراچی لے جایا جا سکے گا۔
صوائی وزیر سید ناصر شاہ نے بتایا کہ یہ معاہدہ اے ایس ایس ایل ایوی ایشن اور سکھر، گھوٹکی اور خیرپور کی تین مقامی کونسلوں کے درمیان ہوگا۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ کراچی سے 6 گھنٹے کی دوری پر شہروں سے مریضوں کو لے جانا ایک مسئلہ رہا ہے اور یہ نئی ایئر ایمبولینس سروس اس چیلنج سے نمٹنے میں ایک بڑی کامیابی ہے۔
سندھ لوکل کونسل ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید کامل حیدر شاہ نے کہا کہ یہ ایئر ایمبولینس سروس جنوبی پنجاب اور شمالی سندھ کے مریضوں کو کراچی لے جانے کی اجازت دے گی۔

مزید پڑھیں:  میانمار میں طوفان یاگی سے تباہی ،66افراد ہلاک، لاکھوں بے گھر