ویب ڈیسک: ٹی ایم اے پشاور کو پی ڈی اے کے حوالے کرنے کیلئے تجاویز طلب کر لی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ایم اے کو پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حوالے کرنے کی تجویز پر وزیراعلیٰ نے لوکل گورنمنٹ اور پی ڈی اے کو مشترکہ حکمت عملی سے متعلق سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
اس سلسلہ میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب سے بھیجے گئے مراسلہ کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے مشاہدہ کیا ہے کہ پشاور کے علاقائی دائرہ اختیار میں ٹاﺅن میونسپل ایڈمنسٹریشن اور پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے ملتے جلتے افعال انجام دئیے جاتے ہیں۔
اس صورتحال میں پشاور میں ان دونوں ایجنسیوں کی طرف سے فراہم کی جانے والی ان خدمات تک رسائی میں عام لوگوں کیلئے مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔ مراسلہ کے مطابق مندرجہ بالا ہدایات کی روشنی میں درخواست کی جاتی ہے کہ پشاور کے علاقائی دائرہ اختیار میں ٹی ایم اے کے کاموں کو ہموار کرنے کے سلسلے میں لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ذریعے ابتدائی کام اور مشاورت کی جائے۔
مراسلہ میں بتایا گیا ہے کہ ایک قابل عمل اور ممکن تجویز پر کام کرنے کا منصوبہ تیار کیا جائے جبکہ تجویز شدہ منصوبہ میں تمام مالی اثاثے اور افرادی قوت پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حوالے کرنا شامل ہوگا تاکہ پشاور رنگ روڈ کے تحت آنے والے علاقائی دائرہ اختیار میں کاموں کو انجام دیا جا سکے۔
اسی طرح پشاور رنگ روڈ کے علاقائی دائرہ اختیار سے باہر آنے والے علاقے کو محکمہ لوکل گورنمنٹ کا فعال علاقہ قرار دیا جا سکتا ہے مراسلہ کے مطابق اس تجویز کے کوئی مالی وغیرہ مضمرات نہیں ہوںگے اور اس کا انتظام موجودہ انسانی اور مالی وسائل کے اندر کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ٹی ایم اے پشاور کو پی ڈی اے کے حوالے کرنے کیلئے تجاویز طلب کر لی گئی ہیں۔
Load/Hide Comments