500ملین کے نقصان کا انکشاف

انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے سے 500ملین کے نقصان کا انکشاف

ویب ڈیسک: ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے سے 500ملین روپے کے نقصان کا انکشاف ہوا ہے ۔
سینیٹرپلوشہ خان کی زیر صدارت ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا جس میں ملک بھرمیں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کے معاملے پر بحث کی گئی۔
اجلاس کے دوران سینیٹر افنان اللہ نے انکشاف کیا کہ سوشل میڈیا، واٹس ایپ پر ڈان لوڈنگ اور اپ لوڈنگ نہیں ہو رہی،انٹرنیٹ سست ہونے سے کم از کم 500ملین کا نقصان ہوا ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے 2ہفتوں میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیاکا مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کر دی۔
فائروال سے متعلق پی ٹی اے حکام نے آج قائمہ کمیٹی میں تفصیلات پیش کرنا تھیں تاہم پی ٹی اے حکام کی عدم دستیابی کی وجہ سے ایجنڈا ملتوی کر دیا گیا۔
اجلاس میں سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ آپ نے لوگوں کا روزگار تباہ کر دیا ہے، انٹرنیٹ، سوشل میڈیا ایپس سست ہونے سے بزنس متاثر ہو رہا ہے، پہلے ہی سرمایہ کاری نہیں اس طریقے سے سارا کاروبار تباہ ہو جائے گا۔
اجلاس میں سیکرٹری آئی ٹی عائشہ حمیرا نے زور دیتے ہوئے کہا کہ موبائل آپریٹرزکی سروس میں خلل آیا ہے، یہ نیٹ ورکس پر مسئلہ ہے وائی فائی پر نہیں، ہمارے پاس انٹرنیٹ سروس سے متعلق کوئی شکایت ہی نہیں۔
بعد ازاں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی نے انٹرنیٹ سروس سست ہونے سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے 2 ہفتوں میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیاکا مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کر دی۔

مزید پڑھیں:  آئینی ترامیم: شہبازشریف فضل الرحمان کو منانے میں ناکام