ویب ڈیسک: ضم اضلاع انٹر اکیڈمیز گیمز میں بیڈمنٹن ٹرافی ضلع باجوڑ نے اپنے نام کرلی۔
بیڈمنٹن کے فائنل میں باجوڑ نے ضلع مہمند کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-2 سے شکست دی، اس موقع پر ایڈیشنل ڈی جی سپورٹس رشیدہ غزنوی اور پراجیکٹ ڈائریکٹرکے پی ظہیر الدین بابر نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس ضم اضلاع کے زیراہتمام حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں جاری بیڈمنٹن کا فائنل ضلع باجوڑاور مہمند ڈسٹرکٹ کے درمیان کھیلاگیا جس میں باجوڑ نے مہمند کو صفر کے مقابلے دو سیٹ سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی۔
اس سے قبل کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں باجوڑ نے اورکزئی کو دو صفر جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں ضلع مہمند نے سب ڈویژن بنوں کو شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔
آخر میں مہمان خصوصی نے فاتح کھلاڑیوں میں ٹرافی اور کیش انعامات تقسیم کئے، ونر کو 80 ہزار جبکہ رنر اپ ٹیم کو پچاس ہزار روپے کیش انعامات دیئے گئے۔
ضم اضلاع انٹر اکیڈمیز گیمز کے سلسلے میں طہماس خان سٹیڈیم پر جاری فٹبال کے پہلے کوارٹر فائنل میں ساؤتھ وزیر ستان نے سب ڈویژن ٹانک کو ایک کے مقابلے دو گول سے شکست دی۔
فٹ بال مقابلوں کے دوسرے کوارٹر فائنل میں ضلع خیبر نے سب ڈویژن پشاور کو ایک کے مقابلے 7 گول سے شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔
Load/Hide Comments